طبروق اڈا پر حادثہ،تیزرفتاررکشہ سوار زبیدہ اور آمنہ موقع پر ہی دم توڑ گئیں
3سالہ آیت فاطمہ ہسپتال میں چل بسی،دیگردوزخمیوں کی حالت بھی نازک
اوکاڑہ،گیمبر کینٹ(خصوصی رپورٹ)اوکاڑہ کے نواح میں قومی شاہراہ پرموٹر سائیکل رکشہ اور ویگو ڈالے میں تصادم ،3 افراد جاں بحق،2 شدید زخمی ہو گئے۔ طبروق اڈا کے قریب سواریوں سے بھرا موٹرسائیکل رکشہ یوٹرن لیتیتیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر ڈالے سے ٹکرا گیا ،حادثے میں چک نمبر29/4Lکی رہائشی رکشہ سوار 70سالہ زبیدہ بی بی زوجہ صفدراور 55 سالہ آمنہ بی بی زوجہ نواب موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں جبکہ 3 سالہ بچی آیت فاطمہ،30سالہ ارم،45 سالہ اللہ دتہ شدید زخمی ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اورامدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ریسکیو ٹیموں نے لاشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال اوکاڑہ منتقل کر دیا۔ہسپتال میں دوران علاج آیت فاطمہ زخموں کی تاب نہ لاکردم توڑ گئی،دیگردونوں زخمیوں کی حالت بھی نازک بتائی جاتی ہے۔