آزاد کشمیر حکومت ، عوامی ایکشن کمیٹی کے مابین مذاکرات کامیاب، متنازعہ آرڈیننس واپس 12نکاتی معاہدے پر دستخط

 چار روزہ پرامن پہیہ جام شٹر ڈائون ،لانگ مارچ دھرنا ختم ، راستے کھول دئیے گئے،کاروبارزندگی بحال ، لانگ مارچ کی کال واپس لے لی گئی
 آٹے کا معیار بہتر اوردستیابی یقینی بنائی جائے گی، بجلی میٹروں کی خریداری آئندہ مالی سال میں بذریعہ ای ٹینڈر کی جائے گی،معاہدے کا متن 
مظفرآباد(آئی این پی )آزاد کشمیر حکومت اور جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے مابین مذاکرات کامیاب ہوگئے، متنازعہ صدارتی آرڈیننس واپس لے لیا اور معاہدہ طے پا گیا جس کے بعد آزاد کشمیر بھر میں چار روزہ پرامن پہیہ جام شٹر ڈائون ،لانگ مارچ دھرنا ختم ہوگیا ، تمام راستے کھول دیے گئے اور کاروبارزندگی بحال ہوگیا ۔ تمام تعلیمی ادارے ،بازار ،ٹرانسپورٹ بحا ل ہوگئی ، 23 جنوری کو لانگ مارچ کی کال بھی واپس لے لی گئی۔تفصیل کے مطابق صدرآزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے متنازعہ آرڈیننس واپس لے لیا اور حکومت کی جانب سے متنازعہ پیس فل اسمبلی اینڈ پبلک آرڈر آرڈیننس 2024 واپس لیے جانے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔ایکشن کمیٹی اور حکومتی وزیر نے 12 نکاتی معاہدے پر دستخط کر دئیے ۔معاہدے کے تحت جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے چارٹر آف ڈیمانڈ پر چھ ماہ میں بات چیت کے ذریعے عمل درآمد ہوگا، 50 کے علاوہ باقی تمام ایف آئی آرز ضابطہ کے تحت 90 دن کے اندر ختم کی جائیں گی۔ تمام اسیران کو رہا کردیا گیا ہے ۔برطرف ملازم صہیب عارف کو سات دن کے اندر بحال کیا جائے گا، اظہر شہید کے بھائی کو سات دن کے اندر سرکاری ملازمت دی جائے گی اور چار زخمیوں کو فی کس 10لاکھ روپے معاوضہ سات دن کے اندر ادا کیا جائے گا۔ آٹے کا معیار بہتر اور آبادی کے مطابق دستیابی یقینی بنائی جائے گی، بجلی میٹروں کی خریداری آئندہ مالی سال میں بذریعہ ای ٹینڈر کی جائے گی۔ منگلا ڈیم اپ ریزنگ کے دوران ڈیم کی حدود میں آنے والے مکانات کے میٹر کنکشن ختم کرکے ایک ماہ کے اندر بلات کو ختم کیا جائے گا‘ آزاد پتن ڈیم کی وجہ سے متاثرہ آزاد پتن تا سون سڑک کی بذریعہ پنجاب حکومت بحالی اور آزاد پتن یا سون (حدود ضلع سدھنوتی) سڑک کی فیزیبلٹی آئندہ مالی سال کے بجٹ میں شامل کی جائے گی۔ بلدیاتی نمائندگان کو اختیارات اور فنڈز جاری کئے جائیں گے۔ طلبہ یونین کے انتخابات کے حوالے سے ضابطہ اخلاق طے کرنے کے لئے کمیٹی بنائی جائے گی۔12 نکات پر مشتمل چارٹر آف ڈیمانڈ پرچھ ماہ میں بذریعہ گفت و شنید عمل ہوگا اور اس چارٹر آف ڈیمانڈ میں مزید کوئی ردوبدل نہیں ہوگا۔ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی 23جنوری 2025ء کی لانگ مارچ کی کال کو واپس لینے کا اعلان کرتی ہے۔