ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے کی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائیگا، ملک کسی بھی افراتفری کا متحمل نہیں ہوسکتا
اسلام آباد(آئی این پی )وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سیاسی احتجاج کی آڑ میں قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کر رہی ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج ایک آئینی حق ہے لیکن اس کے لیے قانونی اصولوں کی پاسداری کرنی چاہیے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے مسلسل دھمکیاں پرامن سیاسی مذاکرات کے بجائے بدامنی پیدا کرنے کا واضح ارادہ ظاہر کرتی ہیں۔پی ٹی آئی ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے کی کوشش کر رہی ہے جسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک اس وقت کسی بھی افراتفری کا متحمل نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ پی ٹی آئی نے ملک کے امن اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی لیکن ان کے احتجاج ناکام ہوگئے کیوں کہ عام آدمی ان کے تباہ کن بیانیے کی حمایت نہیں کر رہا ہے۔