سول نافرمانی تحریک کی حکمت عملی تیار، 2014 سے زیادہ کامیاب ہوگی: حامد رضا

مختلف نکات پر مرحلہ وار آگے بڑھیں گے، اوورسیز پاکستانی کے پیسے نہ بھیجنے سے متعلق بھی نکتہ شامل ہے
حکومت کو مذاکرات میں اپنی اتھارٹی دکھانی پڑے گی، مولانا کو کہا تھا حکومت دھوکا دے گی،چیئرمین سنی اتحاد کونسل
اسلام آباد (بیورو رپورٹ)چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ سول نافرمانی تحریک سے متعلق پی ٹی آئی کی حکمت عملی تیار ہے،یہ تحریک 2014 سے زیادہ کامیاب ہوگی۔ایک انٹرویو میں حامد رضا کا کہنا تھا کہ سول نافرمانی سے متعلق بات بانی سے ملاقات میں پتا چلی، سول نافرمانی تحریک سے متعلق ٹوئٹ سے پہلے ہی معلوم تھا۔انھوں نے کہا کہ پارٹی میں سول نافرمانی سے متعلق تجاویز پر کام ہورہا ہے، مذاکرات کامیاب نہ ہوئے تو سول نافرمانی کی طرف جائیں گے، سول نافرمانی کے مختلف نکات پر مرحلہ وار آگے بڑھیں گے۔ سول نافرمانی تحریک 2014 سے زیادہ کامیاب ہوگی۔حامد رضا نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی کے پیسے نہ بھیجنے سے متعلق بھی نکتہ شامل ہے، ملک میں انسانی اور جمہوری حقوق معطل ہیں، ظلم جاری ہے۔24 نومبر اور 9 مئی واقعے کی جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کررہے ہیں، بانی پی ٹی آئی آج تک اسی لیے قید ہیں کہ وہ اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے۔انھوں نے کہا کہ ہم نے مذاکرات کے لیے کمیٹی بنائی ہے تو اسے موقع دینا چاہیے، ہم تو پہلے بھی کہتے تھے جس کے پاس طاقت ہے اس سے بات ہونی چاہیے، حکومت کہتی ہے ہم طاقتور ہیں تو اسے مذاکرات کا موقع دینے کیلیے تیار ہیں۔حامد رضا نے مزید کہا کہ حکومت کو بھی مذاکرات میں اپنی اتھارٹی دکھانی پڑے گی، بانی پی ٹی آئی نے مذاکرات سے متعلق عمرایوب کو ہدایات دی ہیں، عمر ایوب سے ملاقات کے بعد پتہ چلے گا بانی پی ٹی آئی کی ہدایات کیا ہیں، 26ویں ترمیم کے وقت مولانا کو کہا تھا حکومت دھوکا دے گی۔