پاک افغان سرحد پر کلیئرنس آپریشن میں بھارتی حمایت یافتہ 14 خوارج ہلاک

پاک افغان سرحد پر کلیئرنس آپریشن میں بھارتی حمایت یافتہ 14 خوارج ہلاک

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے تصدیق کی ہے کہ پاک افغان سرحد کے قریب کلیئرنس آپریشن کے دوران بھارتی حمایت یافتہ مزید 14 خوارج مارے گئے ہیں۔

یہ آپریشن 8 اور 9 اگست کی درمیانی شب ضلع ژوب کے عام علاقے سمبازہ کے گردونواح میں منصوبہ بندی کے تحت انجام دیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق، اس کارروائی میں ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر بارودی مواد برآمد کیا گیا ہے، جو دہشت گردی کی سرگرمیوں میں استعمال ہو رہا تھا۔یہ آپریشن پاک فوج کی حالیہ کوششوں کا حصہ ہے، جس میں 7 اور 8 اگست کو بھی ضلع ژوب کے سمبازہ علاقے میں 33 خوارج کو ہلاک کیا گیا تھا۔ اس طرح دو روزہ انسداد دہشت گردی کارروائیوں کے دوران ہلاک ہونے والے بھارتی حمایت یافتہ خوارج کی مجموعی تعداد 47 ہو گئی ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت، ملک میں امن و استحکام کی فراہمی اور ترقیاتی عمل کو نقصان پہنچانے والی ہر کوشش کو ناکام بنانا پاک فوج کی اولین ترجیح ہے۔ وہ ہر اس اقدام کا بھرپور جواب دے گی جو پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کو خطرے میں ڈالے۔یہ آپریشن خطے میں دہشت گردی کی بڑھتی ہوئی کوششوں کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ سرحدی علاقوں میں امن قائم رکھا جا سکے اور دہشت گرد تنظیموں کی کارروائیوں کو محدود کیا جا سکے۔