پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، افغان جاسوس ہلاک

پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، افغان جاسوس ہلاک

11 جنوری 2025 کو پاک افغان سرحد کے قریب سیکیورٹی فورسز نے ایک کامیاب کارروائی کے دوران افغان جاسوس کو ہلاک کر دیا۔

ذرائع کے مطابق، سیکیورٹی فورسز نے افغان جاسوس کو افغانستان فرار ہونے کی کوشش کرتے ہوئے ہلاک کیا، جس کی شناخت محمد خان احمد خیل ولد حاجی محمد قاسم داوراں خان کے نام سے ہوئی۔ 48 سالہ محمد خان عرف عبداللہ افغان صوبہ پکتیکا کا رہائشی تھا، اور اس کے قبضے سے افغان شناختی کارڈ بھی برآمد ہوا۔یہ دہشت گرد افغان خفیہ ایجنسی کے لیے پاکستان میں کام کر رہا تھا اور افغانستان سے اسلحہ اور گولہ بارود پاکستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں تک پہنچاتا تھا۔ ان ہتھیاروں کا استعمال پاکستان میں دہشت گردی کے حملوں میں کیا جاتا تھا۔

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ہونے والی حالیہ دہشت گردی کے پیچھے افغانستان سے تعلق رکھنے والے عناصر ہیں، اور پاکستان نے افغان حکومت کو دہشت گردی کے ثبوت فراہم کیے ہیں، لیکن افغان حکومت نے اس حوالے سے کوئی موثر اقدامات نہیں کیے۔ ان ماہرین کے مطابق افغان حکومت کو اپنی دوغلی حکمت عملی کو ترک کر کے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے۔