بھارتی اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کا عام انتخابات میں دھاندلی کا الزام، نریندر مودی کی جیت کو متنازع قرار

بھارتی اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کا عام انتخابات میں دھاندلی کا الزام، نریندر مودی کی جیت کو متنازع قرار

بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے پچھلے عام انتخابات میں وزیر اعظم نریندر مودی کی جیت پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کامیابی انتخابی دھاندلی کا نتیجہ تھی۔

نئی دہلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے راہول گاندھی نے دعویٰ کیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے الیکشن کمیشن کے ساتھ ملی بھگت کر کے عوام کے حقِ رائے دہی پر ڈاکا ڈالا۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ان کے پاس دستاویزی ثبوت موجود ہیں، جن کے مطابق بعض حلقوں میں ڈپلی کیٹ ووٹر آئی ڈیز بنائی گئیں، کچھ مقامات پر جعلی پتے درج کیے گئے اور متعدد جگہوں پر جعلی تصاویر کا استعمال کیا گیا۔

راہول گاندھی کے مطابق کم از کم 100 سے زائد نشستوں پر نتائج میں ہیرا پھیری کی گئی، اور اگر یہ جعل سازی نہ ہوتی تو نریندر مودی آج بھارت کے وزیر اعظم نہ ہوتے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی، وزیر اعظم مودی اور ان کے ساتھیوں نے آئین پر حملہ کیا اور جمہوری عمل کو سبوتاژ کیا۔کانگریس رہنما نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کا یہ کردار غداری کے مترادف ہے اور وہ اس معاملے پر قانونی اور سیاسی کارروائی کریں گے۔ ان کے بقول، "یہ بچ نہیں سکیں گے۔"