راہول گاندھی کا الیکشن کمیشن پر سنگین الزام، بی جے پی کا سیاسی ہتھیار قرار دیدیا

راہول گاندھی کا الیکشن کمیشن پر سنگین الزام، بی جے پی کا سیاسی ہتھیار قرار دیدیا

نئی دہلی: اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے بھارتی الیکشن کمیشن کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ادارہ انتخابی دھاندلی، جعلی ووٹر لسٹوں اور مودی سرکار کے مفادات کے تحفظ کے لیے کام کر رہا ہے۔

راہول گاندھی نے الزام عائد کیا کہ ملک میں ایک لاکھ جعلی ووٹ موجود ہیں لیکن الیکشن کمیشن اس پر کوئی ایکشن نہیں لے رہا۔ ان کے مطابق کمیشن بی جے پی کی ذیلی شاخ بن چکا ہے اور نام نہاد جمہوریت کا پردہ فاش ہو گیا ہے۔انہوں نے شکوہ کیا کہ بجائے اس کے کہ کمیشن خود تحقیقات کرے، وہ ان سے حلف نامہ طلب کرتا ہے اور یہ اعتراض اٹھاتا ہے کہ شکایت پہلے درج کیوں نہیں کرائی گئی۔ راہول گاندھی نے کہا: "چوری کمیشن کی پکڑی گئی ہے لیکن حلف نامہ مجھ سے مانگا جا رہا ہے۔ ایک دن پورا ملک ان سے حلف نامہ طلب کرے گا۔"

ان کا کہنا تھا کہ راشٹریہ جنتا دل کے رہنما تیجسوی یادو بھی کئی بار کہہ چکے ہیں کہ الیکشن کمشنرز بی جے پی کے لیے کام کرتے ہیں اور بعض نے تو پارٹی کی رکنیت بھی لے رکھی ہے۔راہول گاندھی نے عزم ظاہر کیا کہ بہار اور دہلی میں جلد ہندوستانی اتحاد کی حکومت قائم ہوگی اور پھر الیکشن کمشنرز کے خلاف کارروائی ضرور کی جائے گی۔اپوزیشن جماعتوں نے بھی مؤقف اپنایا ہے کہ مودی سرکار کے سیاسی ہتھکنڈوں اور جانبدار الیکشن کمیشن نے بھارتی جمہوریت کو شدید نقصان پہنچایا ہے اور عوام اس گٹھ جوڑ کو پہچان چکے ہیں۔