نئی دہلی: بھارتی اپوزیشن لیڈر اور کانگریس کے مرکزی رہنما راہول گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ مودی نے بھارتی مفادات کو امریکی سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سامنے قربان کر دیا اور ملک کی عزت کا سودا کیا ہے۔
راہول گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر ایک بیان میں مودی سے تین اہم سوالات کیے اور ان سے عوام کے سامنے اصل حقائق ظاہر کرنے کا مطالبہ کیا۔راہول گاندھی نے مودی سے پوچھا کہ انہوں نے پاکستان کے دہشت گردی سے متعلق بیانات پر یقین کیوں کیا، ڈونلڈ ٹرمپ کے سامنے بھارتی مفادات کو قربان کرنے کی وجہ کیا تھی، اور ان کا غصہ کیمروں کے سامنے ہی کیوں آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے بھارت کی بین الاقوامی ساکھ کو نقصان پہنچایا ہے اور اپنی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے فضول سفارتی دورے کر رہی ہے، جنہیں "تباہ کن ہتھیار" قرار دیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ کانگریس پارٹی نے آپریشن سندور کے دوران حکومت کی حمایت کی تھی، تاہم جنگ بندی کے بعد اپوزیشن نے بی جے پی پر شدید تنقید شروع کر دی ہے۔ اس سیاسی کشمکش نے بھارت میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سفارتی اور داخلی معاملات پر اختلافات کو بڑھا دیا ہے۔