گولڑہ شریف کے سجادہ نشین پیر سید مہر فرید الحق گیلانی وفات پا گئے

گولڑہ شریف کے سجادہ نشین پیر سید مہر فرید الحق گیلانی وفات پا گئے

غوثیہ گولڑہ شریف کے سجادہ نشین پیر سید معین الحق گیلانی کے بڑے صاحبزادے پیر سید مہر فرید الحق گیلانی انتقال کر گئے۔

 ترجمان کے مطابق ان کی نماز جنازہ کل بعد نماز عصر گولڑہ شریف میں ادا کی جائے گی۔وفات کی خبر سنتے ہی عقیدت مندوں میں رنج و غم کی لہر دوڑ گئی اور وہ مرحوم کے لیے دعاؤں میں مصروف ہیں۔ پیر سید مہر فرید الحق گیلانی صوفیانہ تعلیمات اور روحانی خدمات کے لیے معروف تھے۔

سیاسی و مذہبی شخصیات کا اظہار تعزیت:

چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے مرحوم کے انتقال پر تعزیت کی اور ان کی بلندی درجات کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیر سید مہر فرید الحق گیلانی کی صوفیانہ تعلیمات کے فروغ کے لیے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ مرحوم کے درجات بلند ہوں اور لواحقین کو صبر جمیل عطا ہو۔