راولپنڈی کے تھانہ روات کے علاقے میں پیر علی امام جیلانی پر ہونے والے قاتلانہ حملے کی اصل وجہ جائیداد اور سجادہ نشینی کا تنازعہ نکلی ہے۔
پولیس کے مطابق زخمی ڈرائیور میاں احمد نواز کے بیان پر قتل، اقدام قتل اور اعانت جرم کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ملزمان میں براہِ راست فائرنگ کرنے والے اور اعانت جرم میں شامل افراد پیر علی امام جیلانی کے حقیقی اور سوتیلے بھائی ہیں۔ ڈرائیور کے مطابق پیر سید عبدالقادر شاہ نے اپنی زندگی میں اپنی جائیداد اپنی اولاد میں تقسیم کر دی تھی اور پیر علی امام جیلانی کو اپنا سجادہ نشین نامزد نہیں کیا، جس پر تنازعہ پیدا ہوا۔مذکورہ تنازعے کے دوران ملزمان رحیم شاہ، حمزہ حیدر اور دیگر چار نامعلوم افراد نے پیر علی امام جیلانی اور ان کے ساتھ جانے والوں پر حملہ کیا۔ حملے کے نتیجے میں شفقت حسین شدید زخمی ہو کر جاں بحق ہوگئے جبکہ پیر علی امام جیلانی کی دونوں ٹانگوں میں گولیاں لگیں اور ڈرائیور بھی زخمی ہوا۔ زخمیوں کو فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کیا گیا اور بعد ازاں سول اسپتال راولپنڈی ریفر کیا گیا۔پولیس نے نقیب شاہ، حسیب شاہ اور انوار الحق شاہ پر حملے کی منصوبہ بندی اور اعانت جرم کا الزام عائد کیا ہے۔ تمام نامزد اور نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے جاری ہیں۔