شالیمار ایکسپریس حادثہ کا شکار

 تین بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، خوش قسمتی سے اس واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا،تحقیقات شروع 
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی سے لاہور جانے والی شالیمار ایکسپریس کو شہدادپور کے قریب حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ٹرین کی تین بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ریلوے حکام کے مطابق حادثے میں وی وی آئی پی کچن لاؤنج، ایک اے سی بزنس کلاس بوگی اور ایک اے سی اسٹینڈرڈ بوگی شامل ہیں، جو ڈی ریل ہو گئیں۔ تاہم خوش قسمتی سے اس واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے فوری بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور صورتحال کو قابو میں کر لیا گیا۔ متاثرہ بوگیوں کو ہٹانے اور ٹریک کی بحالی کا کام جاری ہے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کی وجوہات کا تعین ابھی نہیں ہو سکا، تاہم ریلوے حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔