مقتول کی شناخت آصف کے نام سے ہوئی ،قاتل رزاق نشے میں تھا
لاہور (کرائم رپورٹر) نشتر کالونی کے علاقے میں گھریلو تنازعہ شدت اختیار کر گیا جہاں نشے کی حالت میں ایک شخص نے اپنے سالے کو قتل کر دیاپولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق واقعہ کی اطلاع ملنے پر نشتر کالونی پولیس نے 15 پر فوری رسپانس دیتے ہوئے ملزم رزاق کو حراست میں لے لیا۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن جہانداد اکرم نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ فرانزک ماہرین کی مدد سے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں جبکہ مقتول کی شناخت 40 سالہ آصف کے نام سے ہوئی ہے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم رزاق نے نشے کی حالت میں لوہے کے راڈ سے آصف کے سر پر وار کیا جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم اور مقتول آپس میں سالہ اور بہنوئی تھے۔پولیس نے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا ہے جبکہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ایس پی ماڈل ٹاؤن جہانداد اکرم کا کہنا ہے کہ قانون کو ہاتھ میں لینے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں اور واقعے میں ملوث ملزم کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔