کراچی، سالے نے بہنوئی کو قتل کردیا، ملزم مشتعل ہجوم کے تشدد سے ہلاک

مقتول عباس علی نے کچھ عرصہ قبل پسند کی شادی کی تھی، جس کی رنجش پر ملزمان نے فائرنگ کی 
کراچی(آئی این پی )کراچی کے علاقے اورنگی ٹائو ن میں پسند کی شادی پر ایک شخص کو قتل کردیا گیا جبکہ شہریوں کے تشدد سے ایک ملزم ہلاک ہوگیا ۔پولیس کے مطابق مقتول عباس علی نے کچھ عرصہ قبل پسند کی شادی کی تھی، جس کی رنجش پر ملزمان نے اس پر فائرنگ کی اور اسے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ فائرنگ کی اس واردات کے بعد موقع پر موجود ایک ملزم کو شہریوں نے پکڑ لیا اور شدید تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا۔پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ میں ملوث مرکزی ملزم عبدالرحیم اور اس کے ایک ساتھی کو حراست میں لے لیا۔ پولیس حکام کے مطابق، گرفتار ملزمان میں عبدالرحیم ولد غلام قادر اور بخت علی ولد محمد صالح شامل ہیں، جن کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔گرفتار مرکزی ملزم عبدالرحیم نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا ہے کہ اس نے اپنے ماموں اور دیگر ساتھی کے ہمراہ مل کر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں اس کا بہنوئی عباس علی جاں بحق ہوا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان سے مزید تفتیش شروع کر دی ہے