کراچی: جنگ بندی کے باوجود لبنان پر اسرائیلی حملوں کے خلاف نمائش چورنگی پر احتجاج

کراچی: جنگ بندی کے باوجود لبنان پر اسرائیلی حملوں کے خلاف نمائش چورنگی پر احتجاج

شہر قائد نمائش چورنگی پر حکومت پاکستان کی ثالثی میں ایران اور امریکا کے درمیان جاری جنگ بندی کے باوجود اسرائیل کے لبنان پر حملوں کے خلاف احتجاجی جلسہ منعقد کیا گیا۔

جلسے میں مقررین نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں خطے کے تمام محاذوں بشمول لبنان میں جنگ بندی کا ذکر کیا تھا، مگر سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس پر عمل نہیں کیا اور لبنان کے حوالے سے متنازع موقف اختیار کیا۔علمائے کرام نے کہا کہ ٹرمپ نے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو نقصان پہنچایا اور ایران کے ساتھ تجارت کرنے والے ممالک پر 50 فیصد ٹیرف کی دھمکی دی، جس سے امریکا کے عزائم واضح ہوئے۔مقررین کے مطابق پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی میں اہم کردار ادا کیا، تاہم اسرائیل نے لبنان پر فضائی حملے جاری رکھے، جس میں تقریباً 300 افراد شہید ہو چکے ہیں، جن میں معروف عالم دین شیخ صادق نابلسی بھی شامل ہیں۔
جلسے کے دوران شرکا نے امریکا اور اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کی اور مقررین کے مؤقف کی تائید کی۔مظاہرین نے پلے کارڈز، قائدین مقاومت کی تصاویر اور جھنڈے اٹھائے اور احتجاجی جلسہ پرامن انداز میں اختتام پذیر ہوا۔جلسے میں شرکت کرنے والوں میں ملت جعفریہ کی مختلف تنظیموں کے علماء، معززین، خواتین، بچے اور نوجوان شامل تھے، جبکہ مرکزی خطاب مولانا حسن ظفر نقوی نے کیا۔