ایران کی حمایت یافتہ حزب اللہ کے ساتھ جنگ بندی کے باوجود جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملے کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہوگئے۔
لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی (این این اے) کے مطابق حملہ اسٹریٹجک علی الطاہر رج کے قریب کیا گیا، جس پر اسرائیلی فوج نے قبضہ کر رکھا ہے۔رپورٹس کے مطابق نبیتیہ شہر میں موٹر سائیکل پر سوار دو نوجوانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ امدادی کارکنوں نے دونوں کی لاشیں مقامی اسپتال منتقل کردیں۔اسرائیل نے جمعرات کو اعلان کیا تھا کہ اس نے علی الطاہر رج کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز کا کہنا تھا کہ فوج علاقے میں حزب اللہ کو دوبارہ اپنی پوزیشنیں قائم کرنے سے روکنے کے لیے کارروائی کرے گی۔این این اے کے مطابق اسرائیلی فوج نے نبیتیہ کے مختلف علاقوں میں حملے تیز کردیے ہیں، جبکہ اسرائیلی سرحد سے 10 کلومیٹر سے زائد فاصلے پر واقع طائر کے علاقے میں رمادیہ گاؤں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔