بیروت، تل ابیب (آئی این پی ) حزب اللہ نے امریکا ایران جنگ بندی کے تحت اسرائیلی فوج پر حملے روک دئیے ہیں ۔دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے ایران پر حملے بند کر دئیے ہیں لیکن لبنان میں کارروائیاں جاری رکھیں گے۔ غیر ملکی خبر رساںادارے کے مطابق لبنانی ذرائع کا کہنا ہے کہ حزب اللہ نے بدھ کی علی الصبح سے شمالی اسرائیل اور لبنان میں اسرائیلی فوج پر حملے روک دئیے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ حملے امریکا اور ایران کے درمیان اعلان کردہ جنگ بندی کے تحت روکے گئے ہیں۔دوسری جانب اسرائیل نے جنوبی لبنان پر حملے جاری رکھے ہیں اور لبنانی شہر طائر کے شہریوں کو جنوبی لبنان میں دریائے زہرانی کے شمال کی طرف انخلا کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے ایران پر حملے بند کر دیے ہیں لیکن لبنان میں کارروائیاں جاری رکھیں گے۔اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس نے ایران میں حملوں کی ایک لہر مکمل کر لے ہے اور اب سیاسی قیادت کی ہدایات کے مطابق حملے بند کر دئیے ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وہ اسرائیل کے خلاف کسی بھی خلاف ورزی کا دفاعی جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس کے فوجی لبنان میں حزب اللہ کے خلاف ٹارگٹڈ زمینی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔