پاکستان امن کا پل بن گیا‘جنگ رکوا دی‘جمعہ کو اسلام آباد میں مذاکرات ایرانی صدر اور امریکی نائب صدرآئیں گے

دشمن کو عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا، امریکہ کو 10 نکاتی منصوبہ قبول کرنے پر مجبورکر دیا: ایرانی سپریم نیشنل سیکورٹی کونسل‘ایران امریکہ مذاکرات 10 اپریل کو اسلام آباد میں ہوں گے: ایرانی ، امریکی ٹی وی 
جنگ بندی کے بعد 100 فیصد فتح حاصل کر لی،  ایرانی  یورینیم کامعاملہ بہترین طریقے سے سنبھال لیا جائے گا ،ایران کو مذاکرات کی میز پر چین لایا ‘ آبنائے ہرمز میں آمدورفت کی بحالی میں مدد کرینگے:ٹرمپ
ایران نے جنگ بندی کی بھیک مانگی تو ٹرمپ نے بھی رحم کیا‘جنگ بندی مستقل نہیں بلکہ ایک’’وقفہ‘‘ ہے‘ اگر ضرورت پڑی تو دوبارہ کارروائی شروع کی جا سکتی ہے، اس کا انحصار اب ایران پر ہے  :امریکی وزیردفاع
اسلام آباد‘تہران،واشنگٹن(آئی این پی )پاکستان کی سفارتی کوشش رنگ لے آئیں‘امریکہ اورایران2ہفتے کیلئے جنگ بندی پر تیار ہوگئے‘ جس کا اطلاق فوری ہوگیاایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل نے جنگ بندی معاہدے کی توثیق کردی۔دوہفتے کی جنگ بندی اورمذاکرات پرایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل  نے اپنے بیان میں کہا کہ  دشمن کومجرمانہ جنگ میں ناقابل تردید، تاریخی اورعبرتناک شکست کا سامنا کرناپڑا۔ بیان میں کہا گیا کہ ایران نے امریکاکو 10 نکاتی منصوبہ قبول کرنے پر مجبورکردیا، تجاویز میں امریکاکی جانب سے عدم جارحیت کی ضمانت دیناشامل ہے، آبنائے ہرمز  پر ایران کے کنٹرول کو جاری رکھنے کی تجویزشامل ہے۔  امریکی ٹی وی نے کہا ہے کہ امریکا ایران مذاکرات 10 اپریل کو اسلام آباد میں ہوں گے‘امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ جنگ بندی کے بعد 100 فیصد فتح حاصل کر لی،  ایران کے یورینیم کامعاملہ بہترین طریقے سے سنبھال لیا جائے گا، ایران کو مذاکرات کی میز پر چین لایا ہے،امریکا آبنائے ہرمز میں آمدورفت کی بحالی میں مدد کرے گا ۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فرانسیسی خبر رساںادارے سے ٹیلیفونک گفتگو  اور اپنے ایک بیان میں   کہا کہ جنگ بندی معاہدے پر اتفاق کے بعد امریکا نے 100 فیصد فتح حاصل کر لی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ طویل المدتی امن معاہدے کے لیے ایک مضبوط فریم ورک پہلے ہی موجود ہے اور پیشرفت مثبت سمت میں جاری ہے، 15 نکاتی منصوبے میں سے بیشتر نکات پر اتفاق ہو چکا ہے، جبکہ باقی معاملات پر بھی جلد پیش رفت متوقع ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران کا جوہری مواد کسی بھی حتمی امن معاہدے کا لازمی حصہ ہوگا، آنے والے دنوں میں صورتحال مزید واضح ہو جائے گی اور دیکھا جائے گا کہ مذاکرات کس سمت میں آگے بڑھتے ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا آبنائے ہرمز میں ٹریفک کی تعمیر میں مدد کرے گا، بہت ساری مثبت کارروائیاں ہوں گی، بڑی رقم کمائی جائے گی، ایران تعمیر نو کا عمل شروع کر سکتا ہے، ہم آبنائے ہرمز میں ہر قسم کی سپلائیز تیار کر رہے ہیں اور حالات پر نظر رکھیں گے تاکہ سب کچھ بخوبی اور بغیر کسی رکاوٹ کے چل سکے۔ امریکی وزیرجنگ پیٹ ہیگسیتھ نے پریس کانفرنس میں کہا ہے  امریکہ نے ایران کے خلاف فیصلہ کن عسکری کامیابی  حاصل کی ہے اور ایران کا میزائل پروگرام عملی طور پر تباہ کر دیا گیا ہے، امریکی کارروائیوں نے ایران کی دفاعی صنعت اور میزائل تیار کرنے کی صلاحیت کو شدید نقصان پہنچایا ہے،انہوں نے واضح کیا کہ جنگ بندی مستقل نہیں بلکہ ایک’’وقفہ‘‘ ہے، امریکی افواج دوبارہ کارروائی کے لیے تیار رہیں گی اگر ایران نے شرائط کی خلاف ورزی کی، ڈونلڈ ٹرمپ نے تاریخی کامیابی حاصل کی ہے  جو قبل کسی امریکی صدر کے حصے میں نہیں آئی ۔ اب ہمارے پاس حقیقی امن کا ایک موقع ہے، جنگ بندی صرف ایک وقفہ ہے، دوبارہ جنگ کی تو ہم تیار ہیں‘ انہوں نے کہا ایران نے جنگ بندی کی بھیک مانگی تو ٹرمپ نے بھی ’رحم‘ کیا