ایران کو ڈیل کی پیشکش ورنہ پل،پاور پلانٹ تباہ ہمارے نمائندے آج پاکستان میںہوں گے: ٹرمپ
امریکہ نے ایران کو ایک بہت اچھی اور منصفانہ پیشکش دی ہے،امریکی صدر نے خبردار کیا کہ اگر معاہدہ نہ ہوا تو وہ ایران کے خلاف ایسے اقدامات کریں گے جو گزشتہ 47 برس میں کوئی امریکی صدر نہ کر سکا
امریکی ایڈوانس ٹیم خصوصی طیاروں کے ذریعے نور خان ائیر بیس پہنچی ، امریکی ایڈوانس سیکیورٹی ٹیم کے ہمراہ لاجسٹک سامان اور گاڑیاں بھی ہیں، بلٹ پروف گاڑیاں اور ایمبولینس بھی پاکستان پہنچی ہیں
واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کے نمائندے مذاکرات کے لیے اسلام آباد جا رہے ہیں اور آج پاکستان میں موجود ہوں گے۔سوشل میڈیا پر جاری بیان میں انہوں نے ایران پر جنگ بندی کی سنگین خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ پْرامید ہیں کہ فریقین معاہدے کے قریب پہنچ چکے ہیں، ایران کے ساتھ ڈیل ’دوستانہ یا مشکل‘، کسی نہ کسی صورت میں ہو کر رہے گی اور امریکا نے ایران کو ایک بہت اچھی اور منصفانہ پیشکش دی ہے۔امریکی صدر نے خبردار کیا کہ اگر معاہدہ نہ ہوا تو وہ ایسے اقدامات کریں گے جو گزشتہ 47 برس میں کوئی امریکی صدر نہ کر سکا، مزید برآں انہوں نے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایران نے ڈیل قبول نہ کی تو اس کے پاور پلانٹس اور پلوں کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی بندش سے ایران کو یومیہ تقریباً 50 کروڑ ڈالر کا نقصان ہو رہا ہے، انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایران نے فرانس اور برطانیہ کے جہازوں کو نشانہ بنایا ہے۔ اس کے علاوہ ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کے دوسرے مرحلے کے لیے امریکی ایڈوانس سیکیورٹی ٹیم کے 6 خصوصی طیارے پاکستان پہنچ گئے۔ذرائع کے مطابق امریکی ایڈوانس ٹیم خصوصی طیاروں کے ذریعے نور خان ائیر بیس پہنچی ہے۔ خصوصی طیاروں میں امریکی ایڈوانس سیکیورٹی ٹیم کے ہمراہ لاجسٹک سامان اور گاڑیاں بھی ہیں، ایڈوانس سیکیورٹی ٹیم کے ہمراہ خصوصی بلٹ پروف گاڑیاں اور ایمبولینس بھی پاکستان پہنچی ہے۔ پاکستان میں متوقع امریکی مذاکراتی ٹیم ان خصوصی گاڑیوں میں آمد و رفت کرے گی، ایمبولینس امریکی وفد کی نقل و حرکت کے دوران ان کے ہمراہ ہوگی۔دریں اثناء ایران نے کہا ہے کہ نئی امریکی تجاویز ملی ہیں، جائزہ لے کر جواب دیں گے۔