پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے وفاقی وزیر توانائی سردار اویس خان لغاری سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے بجلی کی قیمتوں میں کمی پر خوشی کا اظہار کیا اور اس کے لیے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ عوام کی فلاح و آسانی ان کے دل کا سکون ہے اور انہیں خوشی ہے کہ حکومت نے آئی ایم ایف کے پروگرام میں ہوتے ہوئے بجلی کی قیمتوں میں کمی کی ہے، جو کہ ایک مشکل کام تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عوام کے مفاد کو مقدم رکھا ہے اور یہی ان کی سیاست کا محور رہا ہے۔ نواز شریف نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ حکومت اپنے عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کر رہی ہے۔
اس موقع پر سردار اویس لغاری نے نواز شریف کو حکومت کی جانب سے توانائی کے شعبے میں کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں توانائی کے شعبے میں اصلاحات کی گئی ہیں، جن میں اوپن مارکیٹ کا قیام، بجلی چوری پر قابو پانے اور گردشی قرضوں سے نجات کے لیے اقدامات شامل ہیں۔ لغاری نے مزید بتایا کہ ان اقدامات کے نتیجے میں بجلی مزید سستی ہوگی، اور عوام کو اس سے فائدہ پہنچے گا۔