کوئٹہ میں ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں قومی کراٹے اسٹار 18 سالہ آرزو دختر حیدر علی جاں بحق ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق آرزو، جو غلام علی ہزارہ اسپورٹس کمپلیکس کوئٹہ سے تعلق رکھتی تھیں اور قومی سطح پر بلوچستان کی نمائندگی کر رہی تھیں، مقامی کراٹے چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے اپنی ساتھی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جا رہی تھیں کہ اس دوران موٹر سائیکل پھسل گئی۔حادثے کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوئیں اور بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔
آرزو نے مختصر مگر شاندار کھیلوں کے سفر میں قومی مقابلوں میں حصہ لے کر صوبے کا نام روشن کیا تھا اور انہیں ایک ابھرتی ہوئی باصلاحیت کھلاڑی کے طور پر دیکھا جا رہا تھا۔واقعے کے بعد پاکستان کراٹے فیڈریشن کے چیئرمین محمد جہانگیر اور دیگر عہدیداران نے ان کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوگوار خاندان سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان کھلاڑی کا اس طرح دنیا سے چلے جانا کھیلوں کے حلقوں کے لیے بڑا نقصان ہے۔