تمام فلسطینی علاقوں میں سکیورٹی، قانون و انصاف اور حکمرانی کی مکمل ذمہ داری مضبوط فلسطینی اتھارٹی کے پاس ہونی چاہیے
قاہرہ(آئی این پی ) فرانس، مصر اور اردن نے غزہ میں جنگ کے بعد کی صورتِ حال پر موقف اختیار کرتے ہوئے مشترکہ اعلان کیا ہے کہ غزہ کی حکومت فلسطینی اتھارٹی کے سپرد کی جائے اور حماس کو مکمل طور پر اس عمل سے باہر رکھا جائے۔غیرملکی خبررساںادارے کے مطابق فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے قاہرہ میں مصری صدر عبدالفتاح السیسی اور اردن کے شاہ عبداللہ دوم سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ حماس کو غزہ کی حکومت میں کوئی کردار نہیں ملنا چاہیے اور نہ ہی وہ اسرائیل کے لیے خطرہ بنی رہے۔تینوں رہنمائوں نے کہا کہ غزہ، مغربی کنارے اور تمام فلسطینی علاقوں میں سکیورٹی، قانون و انصاف اور حکمرانی کی مکمل ذمہ داری مضبوط فلسطینی اتھارٹی کے پاس ہونی چاہیے۔فرانسیسی صدر نے فلسطینیوں کی نقل مکانی کی کسی بھی امریکی تجویز کی مخالفت کی اور عرب لیگ کی جانب سے پیش کردہ غزہ کی تعمیر نو کے منصوبے کی حمایت کا اعلان کیا۔