اسلام آباد(آئی این پی )امریکہ کے 29 فیصد ٹیرف کے نفاذ سے پاکستان کو ایک ارب ڈالر کا نقصان ہوگا اور ٹیرف کے نفاذ کے باوجود امریکہ کو 2 ارب ڈالرز کے تجارتی خسارے کا سامنا رہے گا۔وزارت تجارت کی دستاویز کے مطابق پاک امریکا تجارت کا حجم گزشتہ مالی سال 7.3 ارب ڈالرز رہا، امریکا کی جانب سے پاکستان کو 2.1 ارب ڈالرز کی مصنوعات برآمد کی گئیں۔امریکہ کے 29 فیصد ٹیرف سے پاکستان کی برآمدات پر شدید اثرات ہوں گے، پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات امریکا میں مہنگی ہو جائیں گی، جس سے طلب کم ہو سکتی ہے جبکہ نئے ٹیرف سے پاکستان کا تجارتی خسارہ مزید بڑھ سکتا ہے۔پاکستان کو چاول اور ٹیکسٹائل کے لیے متبادل مارکیٹوں کی تلاش میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں، پاکستان کی برآمدات میں 10 سے 15 فیصد تک کمی کا امکان ہے۔ٹیرف سے بچنے کے لیے فوری تجارتی مذاکرات ناگزیر ہیں۔