ایران جنگ: ایک ماہ میں عرب ممالک کو 186 ارب ڈالر کا نقصان امریکہ کو بھی روزانہ2ارب ڈالر کاخسارہ

 عرب ملکوں میں تقریبا 37 لاکھ نوکریاں ختم ہو جائیں گی ‘ ایک ماہ میں 40 لاکھ  افراد یا تو سطح غربت سے نیچے چلے گئے ہیں یا چلے جائیں گے:اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ
ہتھیاروں ‘ فوجی اخراجات، امریکی اثاثوں کو پہنچنے والے نقصانات اور دیگر اخراجات کی مد میں اس جنگ سے امریکیوں کو پہلے ہی اربوں ڈالر کا نقصان پہنچ چکا ہے: ڈائریکٹر سٹیفنی سیویل
نیویارک‘لندن(آئی این پی)ایران جنگ کے ایک مہینے میں عرب ممالک کو 186 ارب ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔اقوامِ متحدہ کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل عبداللہ دردری نے کہا ہے جنگ بندی میں ہر دن کی تاخیر عالمی معیشت پر منفی اثرات مرتب کر رہی ہے، ایک ماہ کی جنگ کے نتیجے میں عرب خطے کی مجموعی قومی پیداوار میں تقریبا 6 فیصد کمی کا اندازہ ہے۔عبداللہ دردری کے مطابق ایران جنگ کے ایک مہینے میں عرب ممالک کو 186 ارب ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا ہے اور مشرقی بحیرہ روم کے خطے میں یہ نقصان تقریبا 30 ارب ڈالر تک ہو سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عرب ملکوں میں تقریبا 37 لاکھ نوکریاں ختم ہو جائیں گی اور پچھلے ایک ماہ میں 40 لاکھ مزید افراد یا تو سطح غربت سے نیچے چلے گئے ہیں یا چلے جائیں گے۔دریں اثناء عالمی تنازعات کے نتیجے میں ہونے والے معاشی نقصان پر نظر رکھنے والے ماہرین نے کہا ہے  ایران جنگ سے امریکہ کو روزانہ تقریبا دو ارب ڈالر کا نقصان ہو رہا ہے۔بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بران یونیورسٹی کے جنگی لاگت کے منصوبے کی ڈائریکٹر سٹیفنی سیویل کا کہنا ہے  ہتھیاروں اور فوجی اخراجات، امریکی اثاثوں کو پہنچنے والے نقصانات اور دیگر اخراجات کی مد میں اس جنگ سے امریکیوں کو پہلے ہی دسیوں ارب ڈالر کا نقصان پہنچ چکا ہے۔سیویل کا کہنا ہے کہ جنگ کے نتیجے عوامی قرضوں میں روزانہ کی بنیاد پر بہت بڑی رقم کا اضافہ ہو رہا ہے