امریکی کمپنیاں پاکستان میں معدنیات کے شعبے سے استفادہ کریں: وزیراعظم

امریکی کمپنیاں پاکستان میں معدنیات کے شعبے سے استفادہ کریں: وزیراعظم

ویب ڈیسک: وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے امریکی وفد سے ملاقات کی ہے جس میں پاکستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

یہ وفد سینئر بیورو آفیشل اور قائم مقام اسسٹنٹ سیکرٹری، بیورو آف ساؤتھ اینڈ سینٹرل ایشین افیئرز، یو ایس ڈیپارٹمنٹ آف سٹیٹ کی قیادت میں پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں شرکت کے لیے پاکستان کا دورہ کر رہا ہے۔وزیراعظم نے فورم میں امریکی شرکت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے معدنیات کے شعبے میں وسیع سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں اور امریکی کمپنیوں کو اس شعبے میں سرمایہ کاری کے فوائد سے مستفید ہونا چاہیے۔وزیراعظم نے پاکستان اور امریکہ کے دوطرفہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے صدر ٹرمپ کی انتظامیہ کے ساتھ مل کر ان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، اور انسداد دہشت گردی جیسے شعبوں میں باہمی تعاون کو بڑھانے کی اہمیت بھی اجاگر کی۔

قائم مقام اسسٹنٹ سیکرٹری ایریک میئر نے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کے کامیاب انعقاد پر پاکستان کو مبارکباد دی اور اس بات کا اعتراف کیا کہ پاکستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے بڑے مواقع ہیں۔ انہوں نے امریکی کمپنیوں کی جانب سے اس شعبے میں دلچسپی کا بھی ذکر کیا۔اس موقع پر وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔