زراعت، آئی ٹی اور معدنیات سمیت دیگر شعبوں میں بیرونی سرمایہ کاری کے مواقع موجود:وزیراعظم

زراعت، آئی ٹی اور معدنیات سمیت دیگر شعبوں میں بیرونی سرمایہ کاری کے مواقع موجود:وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ زراعت، آئی ٹی، معدنیات، ٹورازم اور قابل تجدید توانائی وہ اہم شعبے ہیں جن میں بیرونی سرمایہ کاری متوجہ کی جا سکتی ہے۔

لندن سے زوم پر ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں وزیر اعظم کی زیر صدارت پاکستان میں سرمایہ کاری کے حجم، اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں کو بڑھانے کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی۔ اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ تمام اہم شعبوں میں سرمایہ کاری اور تجارت کو فروغ دینے کے لیے قابل عمل منصوبوں پر کام کیا جائے۔ سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ تجارت کو بھی فروغ دینا ہماری پالیسی کا حصہ ہے تاکہ برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہو سکے۔وزیراعظم نے وزارتوں کو اہداف مقرر کرنے اور تمام زیر تکمیل منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔

 انہوں نے کہا کہ قابل عمل منصوبوں کی نشاندہی کرکے فوری اقدامات کیے جائیں اور اس مقصد کے لیے ایک روڈ میپ اور تبدیلی کا ایجنڈا تیار کیا جائے تاکہ اہداف کے حصول کے لیے منظم انداز اپنایا جا سکے۔وزیر اعظم نے مزید کہا کہ اقتصادی سرگرمیوں کے روڈ میپ میں نجی شعبے کا کلیدی کردار ہوگا اور اس میں شمولیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ جاری معاشی اور اقتصادی اصلاحات کی پالیسی نے معیشت کو نئی سمت دی ہے، اور اس جدت اور شفافیت کی بدولت ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔اجلاس میں وفاقی وزرا مصدق ملک، علی پرویز ملک، محمد اورنگزیب، جام کمال، عطا اللہ تارڑ اور احد خان چیمہ نے بھی شرکت کی۔