اسلام آباد: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں پر زور دیا ہے کہ وہ صوبے میں موجود معدنی ذخائر کی تلاش اور کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری کریں۔
ان کا کہنا ہے کہ حکومت سرمایہ کاروں کو مکمل سکیورٹی فراہم کرنے اور سرمایہ کاری کے عمل کو آسان بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔اسلام آباد میں پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان آنے والے تمام سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کیا جاتا ہے اور حکومت کی اولین ترجیح انہیں محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اعتماد کے ساتھ اپنے منصوبوں پر کام کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو درپیش مسائل اور انتظامی رکاوٹوں کے خاتمے کے لیے ون ونڈو آپریشن کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ اس نظام کے تحت سرمایہ کاری سے متعلق مختلف امور ایک ہی جگہ نمٹائے جاسکیں گے، جس سے سرمایہ کاروں کو سہولت ملے گی اور منصوبوں پر کام شروع کرنے میں آسانی ہوگی۔
گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت معدنی وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھانے اور کان کنی کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی خواہاں ہے۔ سرمایہ کاروں کو چاہیے کہ وہ صوبے میں معدنیات کی تلاش کے وسیع مواقع سے فائدہ اٹھائیں اور اس شعبے میں سرمایہ کاری کریں۔فیصل کریم کنڈی نے خیبر پختونخوا کی توانائی کے شعبے میں اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گیس کی پیداوار کے اعتبار سے صوبہ پاکستان کا دوسرا بڑا صوبہ ہے۔ صوبے میں موجود معدنی اور قدرتی وسائل سرمایہ کاری کے لیے اہم مواقع فراہم کرتے ہیں۔