بسنت کی تیاریاں تیز، انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے جمعرات کو اہم اجلاس

بسنت کی تیاریاں تیز، انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے جمعرات کو اہم اجلاس

پتنگ مینوفیکچررز کے بعد کائٹ ٹریڈرز اور ریٹیلرز کے لائسنس کے اجراء سمیت بسنت کے دیگر انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے سینئر وزیر نے جمعرات کو اہم اجلاس طلب کرلیا۔

اجلاس میں ضلعی انتظامیہ، پولیس، ستھرا پنجاب، والڈ سٹی، ٹریفک پولیس، لیسکو، ریسکیو اور دیگر متعلقہ محکموں کے سربراہان شرکت کریں گے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں کائٹ ٹریڈرز اور ریٹیلرز کو لائسنس جاری کرنے، دیگر اضلاع سے پتنگ اور ڈور کی ترسیل، عمارتوں کی سیفٹی اور دیگر انتظامی امور پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ محفوظ بسنت کے کامیاب تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ کے انتظامات کو حتمی شکل دی جائے گی۔ اجلاس میں سیفٹی راڈز، مفت ٹرانسپورٹ اور دیگر ضروری سہولیات سے متعلق ابتدائی پلان بھی پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

کائٹ ٹریڈرز، ریٹیلرز اور متعلقہ ایسوسی ایشنز کے لائسنس کے اجراء کی تاریخ بھی اجلاس میں طے کیے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق کائٹ فلائنگ آرڈیننس 2025 کے تحت پتنگ بازی اور انتظامات کیے جائیں گے، جبکہ پتنگ اور ڈور کے مقررہ سائز کی پابندی یقینی بنانے کے لیے بھی مؤثر حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔