ایمباپے کی پہلی بار بیلن ڈی اور جیتنے کی امید، کین سب سے مضبوط امیدوار

ایمباپے کی پہلی بار بیلن ڈی اور جیتنے کی امید، کین سب سے مضبوط امیدوار

ریال میڈرڈ کے اسٹار فارورڈ کائیلیان ایمباپے کا کہنا ہے کہ رواں سال ان کے پاس پہلی بار بیلن ڈی اور ایوارڈ جیتنے کا بہترین موقع موجود ہے۔

27 سالہ فرانسیسی اسٹار نے گزشتہ سیزن ریال میڈرڈ کی جانب سے 44 میچز میں شاندار 42 گول اسکور کیے، تاہم کلب کوئی ٹرافی اپنے نام کرنے میں کامیاب نہ ہوسکا۔ایمباپے نے ورلڈ کپ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 گول کے ساتھ گولڈن بوٹ حاصل کی، جبکہ عالمی کپ میں ان کے مجموعی گولز کی تعداد 22 ہوگئی۔ تاہم فرانس کی ٹیم بھی ورلڈ کپ ٹرافی حاصل نہ کرسکی اور ایونٹ میں چوتھے نمبر پر رہی۔دوسری جانب بیلن ڈی اور کی دوڑ میں انگلینڈ کے کپتان اور بائرن میونخ کے اسٹار ہیری کین کو فی الحال سب سے مضبوط امیدوار قرار دیا جا رہا ہے۔کین نے گزشتہ سیزن بائرن میونخ کی جانب سے 51 میچز میں کلب ریکارڈ 61 گول اسکور کیے اور ٹیم کو ڈومیسٹک ڈبل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔

بیلن ڈی اور کی دوڑ میں بارسلونا اور اسپین کے نوجوان اسٹار لامین یامال دوسرے جبکہ ان کے ساتھی روڈری تیسرے فیورٹ قرار دیے جا رہے ہیں۔بیلن ڈی اور ایوارڈ کی تقریب 26 اکتوبر کو منعقد ہوگی۔ ایمباپے اس سے قبل 2023 میں اس ایوارڈ کی دوڑ میں تیسری پوزیشن حاصل کرچکے ہیں۔اب دیکھنا یہ ہے کہ آیا ایمباپے اپنی شاندار انفرادی کارکردگی کو پہلی بار دنیا کے سب سے معتبر انفرادی فٹبال ایوارڈ میں فتح میں تبدیل کر پاتے ہیں یا ہیری کین سمیت دیگر مضبوط امیدوار بازی لے جاتے ہیں۔