ناجائزتعمیرات ،واجبات عدم ادائیگی پر کارروائی ڈیجیٹل سسٹم پر ریکارڈ،مانیٹر کی جائیگی
لاہور(خصوصی رپورٹ)ایل ڈی اے میں انفورسمنٹ اور معائنہ کے طریقہ کار کو مزید منظم کرنے کیلئے نئے ایس او پیز نافذ،ڈائریکٹر ایڈمن نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔نئے نظام کے تحت غیر قانونی تعمیرات، لینڈ یوز قوانین کی خلاف ورزی اور واجبات کی عدم ادائیگی پرجاری نوٹسز سے سیلنگ اور مسماری تک تمام کارروائی ڈیجیٹل فائل پروسیسنگ سسٹم پر ریکارڈ اور مانیٹر کی جائیگی۔ہر نوٹس کو کیو آر کوڈ سے منسلک کیا جائے گا، جیو ٹیگڈ تصاویر اور متعلقہ ریکارڈ بھی آن لائن محفوظ ہوگا۔نئے ایس او پیز کے مطابق املاک کو 3 کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے، جن میں غیر قانونی تعمیرات، پہلے سے موجود عمارت کے استعمال میں ناجائز تبدیلی اور واجبات کی عدم ادائیگی شامل ہے۔ ناجائزکمرشل املاک کی نشاندہی اور کارروائی کیلئے چیف ٹا ئون پلانر کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی بھی تشکیل جو پراپرٹی کو غیر قانونی کمرشل قرار دینے، نوٹس جاری کرنے، واپس لینے یا اس میں تصحیح معاملات کا جائزہ لے گی۔کمیٹی جائیداد سے متعلق بقایاجات، جرمانوں، ریونیو، ڈیجیٹل ریکارڈ کی بھی جانچ پڑتال کریگی۔کمیٹی کا فیصلہ اور اس سے متعلق ریکارڈ ڈیجیٹل سسٹم پر اپ لوڈ ہو گا۔ ناجائزکمرشل استعمال پرکارروائی سے قبل 15 روز جبکہ ناجائز تعمیرات پر5روز کا موقع دیاجائیگا۔ املاک کو جرمانہ ادائیگی، قانونی منظوری یا بحالی کے مقررہ تقاضے پورے ہونے پرہی ڈی سیل کیا جا سکے گا۔ قواعد کی خلاف ورزی، غفلت یا لاپرواہی پر متعلقہ اہلکاروں کیخلاف بھی کارروائی ہوگی۔