نیپال کے دارالحکومت کٹھمنڈو میں سوشل میڈیا پر پابندی اور کرپشن کے خلاف جاری احتجاج پر تشدد کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
بھارتی و مقامی میڈیا کے مطابق، حالیہ دنوں میں حکومت کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی کے اقدام اور کرپشن کے خلاف مظاہروں میں شدت آئی ہے۔کٹھمنڈو میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں شدت اختیار کر گئیں، جن میں پولیس نے مظاہرین پر واٹرکینن اور شیلنگ کا استعمال کیا۔جھڑپوں کے دوران ایک شخص ہلاک اور تقریباً 80 افراد زخمی ہوئے ہیں، جب کہ حالات کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے کرفیو نافذ کر دیا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ ہفتہ کے روز حکومت نے 26 بڑی سوشل میڈیا اور میسیجنگ ایپس پر پابندی عائد کی تھی، جس کی وجہ سے عوام اور میڈیا کی جانب سے سخت تنقید کی جا رہی ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ یہ کمپنیاں نئے قوانین کے تحت رجسٹریشن میں ناکام ہو گئی تھیں، تاہم انسانی حقوق اور صحافتی تنظیموں نے اس فیصلے کو آزادی اظہار پر قدغن قرار دیتے ہوئے شدید احتجاج کیا ہے۔مظاہروں کے دوران ہونے والی ہنگامہ آرائی اور پابندیوں کے خلاف عالمی سطح پر بھی تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے، اور انسانی حقوق کی تنظیمیں اس صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔