اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز عدالت میں سامعہ حجاب اغوا اور دھمکی کیس کی سماعت ہوئی، جہاں عدالت نے گرفتار ملزم حسن زاہد کا جسمانی ریمانڈ مزید تین روز کے لیے منظور کر لیا۔
ملزم کو ابتدائی پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر ڈیوٹی مجسٹریٹ اظہر ندیم کے روبرو پیش کیا گیا۔
عدالت میں دلائل
ملزم کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالت پہلے سابقہ ریمانڈ آرڈر کا جائزہ لے اور پولیس سے دریافت کرے کہ پچھلے ریمانڈ کے دوران کون سی تحقیقات کی گئیں۔ سماعت کے دوران عدالت میں حسن زاہد اور سوشل میڈیا انفلوئنسر سامعہ کے درمیان لین دین کی تفصیل اور سامعہ کے والدین کا ویڈیو بیان بھی پیش کیا گیا۔ملزم کے وکیل نے مؤقف دیا کہ حسن زاہد اور سامعہ کی منگنی ہوچکی ہے اور اس سلسلے میں منگنی کی تصاویر بھی عدالت میں پیش کیں۔
پراسیکیوشن کا مؤقف
پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کے قبضے سے 45 ہزار روپے برآمد ہوئے ہیں، جبکہ ملزم کی گاڑی، اسلحہ اور ساتھیوں کی برآمدگی ابھی باقی ہے۔ انہوں نے مزید تحقیقات کے لیے ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں آٹھ روز کی توسیع کی استدعا کی۔
عدالت کا فیصلہ
عدالت نے دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد پراسیکیوشن کی آٹھ روزہ ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی اور حسن زاہد کا جسمانی ریمانڈ مزید تین دن کے لیے منظور کر لیا۔