اسلام آباد: سوشل میڈیا انفلوئنسر سامعہ حجاب نے کہا ہے کہ اگر حسن زاہد کو سزا نہیں ہوئی اور وہ جیل سے چھوٹ گیا تو وہ اس کا بدلہ مجھ سے آج نہیں تو کل ضرور لے گا۔
جیو ڈیجیٹل کو دیے گئے انٹرویو میں سامعہ حجاب نے انکشاف کیا کہ ایک موقع پر حسن زاہد نے انہیں اپنے دوست کے سامنے تشدد کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ باوجود اس کے کہ حسن جیل میں ہے، مجھے اب بھی اس سے خوف آتا ہے۔سامعہ حجاب نے بتایا کہ جب انہوں نے حسن زاہد کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی، تو اگلے دن وہ کالے ڈالے میں بندوق کے ساتھ نمبر پلیٹس اتار کر ان کے پاس آیا اور جان سے مارنے کی دھمکی دی، جس کے بعد انہوں نے دوسری ایف آئی آر بھی درج کروائی۔
انہوں نے کہا کہ وہ حسن زاہد کو چھ ماہ سے جانتی ہیں، لیکن 3 ماہ قبل ثناء یوسف کے واقعے کے بعد انہوں نے حسن سے دوری اختیار کی، جس کے بعد حسن نے انہیں ڈرانا دھمکانا شروع کر دیا۔ ایک موقع پر انہیں اپنے دوست کے سامنے مارا پیٹا، جس سے وہ شدید خوفزدہ ہو گئیں۔سامعہ نے مزید بتایا کہ حسن زاہد نکاح کے پیپر منگوالیتا اور دستخط کرنے پر مجبور کرنا چاہتا تھا، لیکن انہوں نے ہر بار انکار کیا اور کہا کہ وہ اپنی والدہ سے بات کریں گی اور سب کے سامنے شادی کریں گی۔