2 اعشاریہ 95بلین یورو کا جرمانہ غیرمنصفانہ ‘ امتیازی سلوک کے زمرے میں آتا ہے
واشنگٹن (آئی این پی) امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکی کمپنی گوگل پر یورپی یونین کی جانب سے لگائے جانے والے 2اعشاریہ 95بلین یورو کا جرمانہ غیر منصفانہ ہے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی کمپنی گوگل پر بھاری جرمانہ عائد کرنے کے معاملے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ 2 اعشاریہ 95 بلین یورو کا جرمانہ ناصرف غیرمنصفانہ ہے بلکہ امتیازی سلوک کے زمرے میں آتا ہے۔اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ پر جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ٹیکس دینے والی امریکی کمپنی پر اس غیر منصفانہ جرمانے کو غیر موثر کرنے کے لیے دفعہ 301 کے تحت کارروائی کرنے پر مجبور ہوں گے۔ واضح رہے امریکی تجارتی قانون کے آرٹیکل 301 کے تحت امریکا دوسرے ممالک پر جرمانہ عائد کرسکتا ہے۔