اسلام آباد(آن لائن)قازقستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ 8 تا 9 ستمبر پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے،قازق وزیر ٹرانسپورٹ بھی وفد کا حصہ ہوں گے،قازق وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ون آن ون ملاقات کریں گے جبکہ وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ نومبر میں قازقستان کے صدر کے پاکستان کے متوقع دورے سے پہلے ہو رہا ہے، قازق وزیر خارجہ کے ہمراہ 13 رکنی اعلیٰ سطحی وفد ہوگا، قازق وزیر ٹرانسپورٹ بھی وفد کا حصہ ہوں گے، دورے کے موقع پر زراعت اور آئی ٹی کے مشترکہ ورکنگ گروپ اجلاس ہوں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق قازق وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ون آن ون ملاقات کریں گے، وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوں گے، قازق وزیر خارجہ صدر اور وزیراعظم پاکستان سے بھی ملاقات کریں گے، ملاقاتوں میں صدر قازقستان کے دورہ پاکستان کی تیاریوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مذاکرات میں پاک قازق تعاون کے تمام پہلوؤں پر بات ہوگی،تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، تعلیم، سیاحت اور ثقافتی تبادلوں پر فوکس ہوگا، علاقائی روابط، لاجسٹکس اور کثیرالجہتی فورمز پر تعاون بھی زیر بحث آئے گا، قازق وزیر خارجہ کا دورہ پاک قازق تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا، یہ دورہ عوام کی فلاح کے لیے دو طرفہ تعلقات کو گہرا بنائے گا۔