ادارے ہنگامی اقدامات کیلئے تیار رہیں شہبازشریف
ملک کی پٹرولیم درآمدات کی سپلائی چین بہتر بنانے کیلئے وزیر پٹرولیم مزید متحرک ہوں:وزیراعظم‘مصنوعات کا ضروریات کے مطابق مناسب ذخیرہ موجود ہے ‘صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے:بریفنگ
زرعی تحقیق کا ملک کے زراعت اور غذائی تحفظ کے شعبے کے فروغ میں کلیدی کردار ہے: وزیراعظم کی اجلاس میں گفتگو‘پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل کی تنظیم نو کی منظوری دے دی
اسلام آباد (یواین پی‘آن لائن) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے حالات کی بہتری تک تمام متعلقہ ادارے ہنگامی اقدامات کیلئے تیار رہیں، ملک کی پیٹرولیم درآمدات کی سپلائی چین بہتر بنانے کیلئے وزیر پیٹرولیم مزید متحرک ہوں۔ تفصیلات کے مطابق شہباز شریف کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس میں وزیراعظم نے وزارتِ پیٹرولیم کو پیٹرولیم درآمدات کی سپلائی چین مزید بہتر بنانے کے لیے متحرک کردار ادا کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ حالات کی بہتری تک تمام متعلقہ ادارے ہنگامی اقدامات کے لیے مکمل طور پر تیار رہیں۔اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کا ضروریات کے مطابق مناسب ذخیرہ موجود ہے اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے، پیٹرولیم مصنوعات کا باقاعدہ ریکارڈ رکھا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی بے قاعدگی کی فوری نشاندہی ممکن بنائی جائے۔علاوہ ازیں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت مشرق وسطیٰ میں جنگ کے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر اثرات کا جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام کیلئے پالیسی اقدامات اور حکومت کی جانب سے بچت اقدامات کے نفاذ پر پیش رفت و ان کے اثرات پر گفتگو ہوئی، اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومتی بچت اقدامات سے حاصل شدہ رقوم کو موجودہ حالات میں عوامی ریلیف کیلئے استعمال کیا جائے گا، تمام کفایت شعاری کے اقدامات سے کی گئی بچت عوامی ریلیف کے لیے ہی استعمال ہو گی۔اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ سرکاری ملازمین کی طرح ریاستی ملکیتی اداروں اور حکومتی سرپرستی میں خودمختار اداروں کے ملازمین کی تنخواہوں میں سے درجہ بہ درجہ 5 سے 30 فیصد تک کٹوتی ہوگی جسے عوامی ریلیف کے لیے استعمال کیا جائے گا، کارپوریشنز اور دیگر ادارے جن کے بورڈز میں حکومتی نمائندے موجود ہیں، وہ حکومتی نمائندے بورڈ میں شرکت کی فیس نہیں لیں گے اور اس فیس کو بچت کی رقم میں شامل کیا جائے گا‘دریں اثناء کستان زرعی تحقیقاتی کونسل کی تنظیم نو کی اصولی منظوری دے دی گئی ہے اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے زرعی تحقیق کا ملک کے زراعت اور غذائی تحفظ کے شعبے کی فروغ میں کلیدی کردار ہے۔وزیراعظم نے پی اے آ رسی کو چین کی اکیڈمی آف ایگریکلچرل سائنسز (CAAS) کے طرز پر زرعی تحقیق کے حوالے سے اعلی تحقیقاتی ادارہ بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ زرعی تحقیق کا ملک کے زراعت اور غذائی تحفظ کے شعبے کی فروغ میں کلیدی کردار ہے۔علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہبازشریف نے جمہوریہ قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایئف سے ٹیلی فون پر گفتگو کی جس دور ان وزیراعظم نے 15 مارچ 2026 کو قازقستان میں ہونے والے تاریخی آئینی ریفرنڈم کی کامیابی پر صدر توکایئف کو مبارکباد دی۔جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ نئے آئین کے لیے زبردست ٹرن آؤٹ اور حمایت قازقستان کے عوام کے صدر توکایف کی دور اندیش قیادت اور اصلاحاتی ایجنڈے پر اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ اصلاحات قازقستان میں نظم و نسق، ادارہ جاتی استحکام اور قومی ترقی کو مزید مستحکم کریں گی