اسرائیل: بس اڈے پر چاقو بردار حملے میں ایک شخص ہلاک، 4 زخمی

اسرائیل: بس اڈے پر چاقو بردار حملے میں ایک شخص ہلاک، 4 زخمی

اسرائیل کے شمالی شہر حیفا میں ایک بس اڈے پر چاقو بردار نوجوان نے مسافروں پر حملہ کردیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، عینی شاہدین نے بتایا کہ حملہ آور ایک بس سے اُترا اور اللہ اکبر کا نعرہ لگا کر بس کے انتظار میں کھڑے مسافروں پر چاقو کے وار کیے۔ حملے میں ایک 60 سالہ مسافر ہلاک ہو گیا، جبکہ 4 افراد شدید زخمی ہوئے جن میں سے 3 کی حالت نازک ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔حملے کے فوری بعد، سیکیورٹی گارڈ نے کارروائی کرتے ہوئے چاقو بردار حملہ آور کو گولیاں مار کر قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق حملہ آور کی شناخت اسرائیلی شہری کے طور پر ہوئی ہے۔ حملہ آور اسرائیل کی دروز کمیونٹی سے تعلق رکھتا تھا اور مبینہ طور پر جرمنی کی شہریت بھی رکھتا تھا۔ اس کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ ایک ماہ قبل ہی جرمنی سے واپس آیا تھا۔حملہ آور کا نام یترو شاہین تھا اور اس کی عمر 20 سال تھی، تاہم سرکاری سطح پر اس کا نام ابھی تک ظاہر نہیں کیا گیا۔

 اسرائیلی سیکیورٹی فورسز نے حملہ آور کے گھر پر چھاپہ مارا اور اس کے اہل خانہ سے پوچھ گچھ کی، لیکن کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔یہ واقعہ اسرائیل میں حالیہ دہشت گردی کی لہر کا حصہ ہے۔ اس سے ایک ہفتہ قبل ہی ایک اور حملہ ہوا تھا جس میں کار سوار فلسطینی حملہ آور نے ایک بس اسٹاپ پر مسافروں پر گاڑی چڑھائی تھی، جس میں 13 افراد زخمی ہوئے تھے۔ اس حملے میں بھی پولیس نے جوابی فائرنگ کر کے حملہ آور کو ہلاک کر دیا تھا۔اسرائیل میں اس قسم کی کارروائیاں بڑھ گئی ہیں، اور حکام ان واقعات کے پس منظر میں دہشت گردی کے خطرات اور داخلی سیکیورٹی کو مضبوط کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔