لاہور(کرائم رپورٹر)ایدھی فاؤنڈیشن لاہور نے ماہِ ستمبر 2026 کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی، جس کے مطابق ادارے نے گزشتہ ماہ شہر بھر میں ہزاروں افراد کو بلاامتیاز اور مفت امدادی و فلاحی خدمات فراہم کیں۔رپورٹ کے مطابق ایدھی فاؤنڈیشن نے لاہور کے مختلف سرکاری و نجی ہسپتالوں سے 5104 مریضوں اور میتوں کو مفت ایمبولینس سروس کے ذریعے ایک مقام سے دوسرے مقام تک منتقل کیا اس کے علاؤہ شہر بھر میں مختلف وجوہات کے باعث جاں بحق ہونے والے 1238 افراد کی میتیں ان کے آبائی گھروں تک باحفاظت پہنچائی گئیں،جبکہ حادثات میں جاں بحق ہونے والے 41 افراد کی لاشوں کو مردہ خانوں میں منتقل کیا گیا۔ اسی دوران مختلف حادثات میں زخمی ہونے والے 408 افراد کو فوری طبی امداد کے لیے شہر کے مختلف ہسپتالوں تک پہنچایا گیا ترجمان نے مزید بتایا کہ ایدھی شناحت پروگرام کے تحت ایدھی بایو میٹرک ٹیم نے 24 نامعلوم لاشوں کی بائیو میٹرک سسٹم کے تحت شناخت مکمل کی،ماہِ اگست کے دوران ایدھی فاؤنڈیشن نے 30 نامعلوم افراد کی تدفین بھی کی، جن میں 27 مرد اور 3 خواتین شامل تھیں۔ علاوہ ازیں ایدھی سردخانہ علامہ اقبال ٹاؤن میں 82 افراد کی غسل و کفن کی آخری رسومات مکمل کی گئیں اور ایدھی فاؤنڈیشن لاہور کے ایدھی ہوم میں اس وقت 294 افراد زیرِ کفالت ہیں، جبکہ گزشتہ ماہ 83 افراد کو بحفاظت ان کے اہلِ خانہ کے حوالے کیا گیا۔ترجمان۔ کا کہنا ہے کہ ایدھی فاؤنڈیشن کے فری لنگر سے روزانہ ایک وقت کے کھانے میں 13500 مستحق افراد نے مفت اور معیاری کھانا حاصل کیا۔ترجمان ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق ادارہ بانی عبد الستار ایدھی کے انسانیت کی خدمت کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے بلا رنگ، نسل اور مذہب ہر ضرورت مند تک اپنی خدمات پہنچانے کے لیے شب و روز کوشاں ہے۔فاؤنڈیشن نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی ایمرجنسی یا ہنگامی صورتحال پر فوری ایدھی کنٹرول روم نمبر 115 پر رابطہ کریں