350 جاں بحق افراد کی میتیں بلا معاوضہ متعلقہ مقامات تک منتقل کی گئیں
لاہور(کرائم رپورٹر) ایدھی فاؤنڈیشن لاہور نے سال 2025 کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ایدھی ترجمان کے مطابق رواں سال ایدھی ویلفیئر سینٹرز اور ایمبولینس سروس نے بلا امتیاز انسانیت کی خدمت جاری رکھی اور ہزاروں مریضوں، زخمیوں اور میتوں کو بروقت سہولیات فراہم کیں۔رپورٹ کے مطابق سال 2025 کے دوران ایدھی ایمبولینس سروس کے ذریعے مجموعی طور پر 45,782 مریضوں اور میتوں کو گھروں سے ہسپتالوں اور ہسپتالوں سے گھروں تک منتقل کیا گیا۔مختلف حادثات اور واقعات میں 350 جاں بحق افراد کی میتیں بلا معاوضہ متعلقہ مقامات تک منتقل کی گئیں جبکہ 5,007 زخمی افراد کو فوری طبی امداد کے لیے مختلف ہسپتالوں میں شفٹ کیا گیا۔ایدھی فاؤنڈیشن نے سماجی ذمہ داری نبھاتے ہوئے 554 لاوارث میتوں کی غسل، کفن اور تدفین کا انتظام کیا۔ ایدھی سرد خانوں میں میتوں کو اسلامی طریقے سے غسل و کفن دیا گیااسی طرح ایدھی شناخت پروگرام (بایومیٹرک) کے تحت لاہور شہر سے ملنے والی 744 نامعلوم لاشوں کا بایومیٹرک اندراج کیا گیا جن میں سے 190 لاشوں کی شناخت کے بعد انہیں ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔سال 2025 کے دوران شہر بھر میں سلنڈر بلاسٹ اور دیگر حادثات میں 64 افراد جاں بحق جبکہ 28 افراد زخمی ہوئے۔رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ لاہور کے مختلف علاقوں سے 39 نومولود بچوں کی لاشیں برآمد ہوئیں جو ہسپتالوں، کوڑا کرکٹ کے ڈھیروں اور کچرا کنڈیوں سے ملی۔خودکشی کے واقعات کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا کہ لاہور میں 116 افراد نے خودکشی کی جن میں 83 مرد اور 33 خواتین شامل ہیں۔اسی طرح شہر بھر میں فائرنگ اور قتل و غارت کے واقعات میں 239 افراد جاں بحق جبکہ 511 افراد زخمی ہوئے۔جبکہ مختلف علاقوں سے 54 تشدد زدہ لاشیں بھی برآمد کی گئیں۔