طلبہ کے پک اینڈ ڈراپ اوقات میں موٹروے پولیس کی پٹرولنگ موبائلز موجود رہیں گی
لاہور(کرائم رپورٹر)قومی شاہراہ پر یونیورسٹی آف اوکاڑہ کے قریب پیش آنے والے بس حادثے کے بعد موٹروے پولیس نے طلبہ کی محفوظ آمدورفت یقینی بنانے کے لیے اہم حفاظتی اقدامات کا فیصلہ کر لیا۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق یونیورسٹی آف اوکاڑہ کے قریب خصوصی سپیڈ چیکنگ کیمرے نصب کیے جائیں گے جبکہ یونیورسٹی زون میں گاڑیوں کی رفتار کی خصوصی نگرانی کی جائے گی ترجمان سنٹرل ریجن کے مطابق طلبہ کے پک اینڈ ڈراپ اوقات میں موٹروے پولیس کی پٹرولنگ موبائلز موجود رہیں گی اور یونیورسٹی زون میں پٹرولنگ میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔ تعلیمی ادارے کے اطراف ٹریفک اور روڈ سیفٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔اس سلسلے میں سیکٹر کمانڈر موٹروے پولیس عاطف شہزاد نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے طالبعلم کے گھر جا کر اہلخانہ سے تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا۔ بعدازاں انہوں نے وائس چانسلر یونیورسٹی آف اوکاڑہ سے بھی اہم ملاقات کی، جس میں طلبہ کی محفوظ آمدورفت اور روڈ سیفٹی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران موٹروے پولیس اور یونیورسٹی انتظامیہ کے درمیان طلبہ کے محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔ تعلیمی ادارے کے اطراف ٹریفک مینجمنٹ، رفتار کی نگرانی اور روڈ سیفٹی انتظامات مزید بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ترجمان سنٹرل ریجن کے مطابق طلبہ میں روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی کے لیے تعلیمی اداروں میں خصوصی توجہ دی جائے گی، جبکہ مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے موٹروے پولیس اور یونیورسٹی انتظامیہ مشترکہ طور پر اقدامات کریں گے۔