ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی کے شاندار بین الاقوامی سفر کے اختتام پر دنیا بھر سے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا جارہا ہے، جبکہ ان کے دیرینہ حریف کرسٹیانو رونالڈو نے بھی میسی کے لیے خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
میسی نے بینن کے خلاف ارجنٹائن کی 0-3 سے کامیابی میں ایک گول اسکور کیا جبکہ دو گولز میں معاونت بھی فراہم کی۔ بیونس آئرس کے مونومینٹل اسٹیڈیم میں 85 ہزار سے زائد شائقین نے اپنے ہیرو کو جذباتی انداز میں الوداع کہا۔میسی کی الوداعی تقریب میں موسیقی، خصوصی خراجِ تحسین اور ڈرون شو کا بھی اہتمام کیا گیا، جس نے تقریب کو یادگار بنا دیا۔تقریب کے بعد پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے میسی کی انسٹاگرام پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اپنے ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے میسی نے جو مقام حاصل کیا، اسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ رونالڈو نے ارجنٹائن کے لیے میسی کی کامیابیوں کو بھی سلام پیش کیا۔
لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو نے دو دہائیوں سے زائد عرصے تک عالمی فٹبال پر راج کیا اور اس دوران دونوں کا مسلسل ایک دوسرے سے موازنہ کیا جاتا رہا۔اب دونوں فٹبالرز اپنے کیریئر کے آخری مرحلے میں ہیں، ایسے میں شائقین کے لیے یہ موقع ہے کہ بحث اور موازنے سے بالاتر ہوکر دنیا کے ان دو عظیم کھلاڑیوں کی غیر معمولی صلاحیتوں اور فٹبال میں ان کی خدمات کو سراہیں۔