اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کے پہلے ون ونڈو بزنس سہولت مرکز کا افتتاح کیا

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کے پہلے ون ونڈو بزنس سہولت مرکز کا افتتاح کیا

وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں پاکستان کے پہلے ون ونڈو بزنس سہولت مرکز (Business Facilitation Center - BFC) کا افتتاح کر دیا۔

 افتتاحی تقریب میں وزیراعظم نے کہا کہ یہ مرکز سرمایہ کاروں اور کاروباری طبقے کو ایک ہی چھت تلے تمام بنیادی سہولیات فراہم کرے گا تاکہ انہیں مختلف محکموں کے چکر نہ لگانے پڑیں۔وزیراعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں سرمایہ کاروں کو درجنوں اداروں اور محکموں کے دفاتر میں جانا پڑتا تھا جس سے وقت اور سرمایہ دونوں ضائع ہوتے تھے، لیکن اب یہ سہولت مرکز کاروباری طبقے کے لیے ہر طرح کی خدمات کو بآسانی فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کسٹمر سروس کا معیار قابلِ تعریف ہے اور اس ادارے میں کام کرنے والی ٹیم، بالخصوص ایچ آر ڈپارٹمنٹ، اپنی بہترین کارکردگی دکھا رہا ہے۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو اس منصوبے کو کامیاب بنانا ہے اور یہ ان کے لیے سنہری موقع ہے کہ وہ ملک کے کاروباری ماحول میں بہتری لانے میں کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی بڑے منصوبے کے آغاز میں مشکلات ضرور آتی ہیں، مگر یہی مشکلات مستقبل کی بڑی کامیابیوں کی بنیاد بنتی ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم کسٹمرز اور سرمایہ کاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں دیں تاکہ پاکستان کا بزنس ماحول عالمی معیار پر کھڑا ہو۔ انہوں نے اس مرکز کو دنیا کے لیے رول ماڈل بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں قائم کیے جانے والے تمام بزنس مراکز کو پرکشش اور جدید سہولتوں سے آراستہ کیا جائے گا۔انہوں نے اعلان کیا کہ اس ون ونڈو بزنس سہولت مرکز کا دائرہ کار اسلام آباد سے بڑھا کر پورے ملک میں پھیلایا جائے گا تاکہ سرمایہ کاروں کو ہر شہر میں یہ سہولت مل سکے اور ملکی معیشت کو فروغ ملے۔