بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سینئر اداکار نانا پاٹیکر 75 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔
بتایا گیا ہے کہ انہیں جمعرات کی صبح گوا میں واقع اپنے فلیٹ پر سینے میں شدید درد ہوا، جس کے بعد طبی امداد کے لیے ٹیم روانہ کی گئی۔رپورٹس کے مطابق طبی ٹیم جب فلیٹ پہنچی تو اداکار بے ہوش تھے۔ انہیں فوری طور پر گوا کے ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے صبح 5 بج کر 20 منٹ پر ان کی موت کی تصدیق کی۔بھارتی میڈیا نے نانا پاٹیکر کے بیٹے ملہار پاٹیکر سے منسوب بیان میں کہا ہے کہ سینے میں شدید درد کی شکایت پر طبی ٹیم کو بلایا گیا تھا۔ ٹیم نے اداکار کو بے ہوشی کی حالت میں پایا اور اسپتال منتقل کردیا۔رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ موت کی حتمی وجہ معلوم کرنے کے لیے آج پوسٹ مارٹم کیے جانے کا امکان ہے۔
نانا پاٹیکر کا اصل نام وشواناتھ پاٹیکر تھا۔ وہ ہندی اور مراٹھی سنیما کے معروف اداکاروں میں شمار ہوتے تھے۔ انہوں نے 1978 میں فلمی دنیا میں قدم رکھا اور کئی مقبول فلموں میں کام کیا۔ ان کی مشہور فلموں میں ’پرندہ‘، ’کرانتی ویر‘، ’اگنی ساکشی‘، ’خاموشی: دی میوزیکل‘، ’اب تک چھپن‘ اور ’ویلکم‘ شامل ہیں۔انہیں اداکاری کے شعبے میں تین نیشنل فلم ایوارڈز سے نوازا گیا، جبکہ 2013 میں بھارت کا سول اعزاز ’پدم شری‘ بھی دیا گیا۔