تنوشری دتہ کا راکھی ساونت پر الزام، نانا پاٹیکر سے رقم لینے کا دعویٰ

تنوشری دتہ کا راکھی ساونت پر الزام، نانا پاٹیکر سے رقم لینے کا دعویٰ

بالی ووڈ اداکارہ تنوشری دتہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اداکار نانا پاٹیکر نے 2018 میں می ٹو مہم کے دوران انہیں بدنام کرنے کے لیے راکھی ساونت کو ڈھائی لاکھ روپے دیے تھے۔

تنوشری دتہ نے انسٹاگرام پر جاری کردہ ایک ویڈیو میں الزام عائد کیا کہ راکھی ساونت نے ان کے خلاف پریس کانفرنس سے دو روز قبل نانا پاٹیکر کے ممبئی میں واقع گھر سے 2 سے ڈھائی لاکھ روپے نقد وصول کیے تھے۔اداکارہ کے مطابق، انہیں اس مبینہ لین دین کے بارے میں معلومات راکھی ساونت کی قریبی دوست راج شری مورے نے فراہم کی تھیں۔ تنوشری کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت پہلے ہی ذہنی دباؤ کا سامنا کر رہی تھیں اور ان کے خلاف سامنے آنے والے الزامات نے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا تھا۔واضح رہے کہ یہ الزامات تنوشری دتہ کی جانب سے عائد کیے گئے ہیں۔ تاحال راکھی ساونت اور راج شری مورے کی جانب سے اس معاملے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔