بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار نانا پاٹیکر کی موت کی وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں سامنے آگئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 75 سالہ اداکار کی موت دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوئی، جو دل کی اہم شریان میں خون کا لوتھڑا پھنسنے سے پیش آیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق گوا کے سرکاری میڈیکل کالج اینڈ ہسپتال کے ایک سینئر ڈاکٹر نے اتوار کو پوسٹ مارٹم رپورٹ کے نتائج کی تصدیق کی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ دل کی بائیں مرکزی کورونری شریان میں خون کا لوتھڑا پھنس جانے کے باعث دل کو خون کی فراہمی متاثر ہوئی، جس کے نتیجے میں جان لیوا دل کا دورہ پڑا۔طبی رپورٹ کے مطابق یہ کیفیت شریانوں میں چربی جمع ہونے اور ان کے تنگ یا بند ہونے سے متعلق بیماری کے باعث پیدا ہوئی۔ ڈاکٹروں نے موت کو قدرتی وجوہات کا نتیجہ قرار دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق نانا پاٹیکر کو طبیعت بگڑنے پر ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں بچانے کی بھرپور کوشش کی۔ انہیں تقریباً 45 منٹ سے ایک گھنٹے تک سی پی آر بھی دیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔نانا پاٹیکر کا شمار بھارتی فلم انڈسٹری کے نمایاں اداکاروں میں ہوتا تھا۔ انہوں نے ہندی اور مراٹھی سنیما میں کئی دہائیوں تک کام کیا اور اپنی جاندار اداکاری کے باعث شہرت حاصل کی۔ ان کی وفات کی خبر سامنے آنے کے بعد فلمی دنیا میں سوگ کی فضا پیدا ہوگئی۔