راولپنڈی میں چکری روڈ کی نجی سوسائٹی میں بھی غیر قانونی کال سینٹر کا سراغ لگالیا گیا
کراچی،راولپنڈی(آئی این پی )نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی ( این سی سی آئی اے) ے کراچی میں میٹروپول کے قریب کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر چلنے والے ایک کال سینٹر پر چھاپے کے دوران 30 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا ۔این سی سی آئی اے حکام کے مطابق، مذکورہ کال سینٹر میں غیر قانونی سرگرمیاں جاری تھیں جہاں کام کرنے والے ایجنٹ خود کو غیر ملکی بینکوں کا نمائندہ ظاہر کرتے تھے۔ ملزمان غیر ملکی شہریوں کا خفیہ ڈیٹا حاصل کرنے کے بعد ان کے بینک کارڈز سے غیر قانونی طور پر رقوم اپنے اکانٹس میں منتقل کرواتے تھے۔چھاپے کے دوران ایجنسی کے حکام نے موقع سے بڑی تعداد میں موبائل فونز، لیپ ٹاپس، ڈیجیٹل ڈیوائسز، اہم ڈیٹا اور بینک کارڈز اپنی تحویل میں لے لئے ہیں۔ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ اس بین الاقوامی فراڈ نیٹ ورک میں ملوث دیگر افراد تک بھی پہنچا جا سکے۔دوسری جانب این سی سی آئی اے راولپنڈی سرکل نے چکری روڈ کی ایک نجی سوسائٹی میں چھاپہ مار کر ایک اور غیر قانونی کال سینٹر کا سراغ لگایا ہے۔ترجمان کے مطابق ملزمان جعلی ٹیلی گرام پروفائلز کے ذریعے آسٹریلوی شہریوں کو فراڈ کا نشانہ بناتے تھے۔شہریوں کو جعلی یوٹیوب ٹاسکس اور یو ایس ڈی ٹی کرپٹو انویسٹمنٹ کے نام پر لاکھوں روپے کا چونا لگایا جاتا تھا۔کارروائی کے دوران کمپیوٹرز، سرورز اور موبائل ڈیوائسز قبضے میں لے لی گئی ہیں جبکہ مرکزی ملزمان، مینیجرز اور ٹیم لیڈرز کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔