دو تہائی اکثریت والی صوبائی حکومت کی موجودگی میں گورنر کا اس طرح اجلاس منعقد کرنا ناقابل قبول ہے، پاکستان توڑنے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے
وفاقی حکومت کا ہمیشہ خیبرپختونخوا کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک رہا ہے۔جب تک وزیراعلی ہوں خیبرپختونخوا میں آپریشن نہیں ہونے دوں گا:وزیراعلی
پشاور(آئی این پی) وزیراعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے پیپلز پارٹی کے موجودہ اقدامات سے ایک اور مشرقی پاکستان بنانے کی کوشش نظر آ رہی ہے۔صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ گورنر کی جانب سے گزشتہ روز کیا جانے والا ڈراما انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ خیبرپختونخوا میں عوام کی دو تہائی اکثریت سے منتخب حکومت موجود ہے، صوبائی اسمبلی، کابینہ اور حکومت مکمل طور پر فعال اور برقرار ہیں۔انہوں نے کہا کہ گورنر، چیف سیکرٹری اور آئی جی کو بلا رہے ہیں ، غیر آئینی اجلاس منعقد کر رہے ہیں۔ گورنر کا اس نوعیت کے اجلاس کی صدارت کرنا آئین اور جمہوریت پر حملہ ہے۔ پیپلز پارٹی ماضی میں بھی غلط کردار ادا کر چکی ہے، موجودہ اقدامات سے ایک اور مشرقی پاکستان بنانے کی کوشش نظر آ رہی ہے۔سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ دو تہائی اکثریت والی صوبائی حکومت کی موجودگی میں گورنر کا اس طرح اجلاس منعقد کرنا ناقابل قبول ہے۔ پاکستان کو توڑنے کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ وفاقی حکومت کا ہمیشہ خیبرپختونخوا کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک رہا ہے۔جب تک وزیراعلی ہوں خیبرپختونخوا میں آپریشن نہیں ہونے دوں گا