پیپلز پارٹی کی جدوجہد نے پاکستان میں جمہوریت کو مضبوط کیا‘ صدرآصف علی زرداری

 آمریت کیخلاف مزاحمت اور عوامی حقوق کی بحالی پیپلز پارٹی کا تاریخی کارنامہ‘1973ء کا متفقہ آئین بھٹو شہید کا تاریخی تحفہ ہے، یوم تاسیس پر پیغام
اسلام آباد(آن لائن) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ذوالفقار علی بھٹو شہید اور بینظیر بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی جدوجہد نے پاکستان میں جمہوریت کو مضبوط کیا‘ آمریت کے خلاف مزاحمت اور عوامی حقوق کی بحالی پیپلز پارٹی کی تاریخی کارنامہ ہے،1973ء کا متفقہ آئین بھٹو شہید کا تاریخی تحفہ ہے۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان پیپلز پارٹی کا اٹھاون ویں یومِ تاسیس پر پیغام میں کہا کہ وفاق کے استحکام اور قومی یکجہتی میں پیپلز پارٹی کا کلیدی کردار ہے، گلگت بلتستان و آزاد کشمیر میں اصلاحات پیپلز پارٹی کا اہم کارنامہ ہے، ملک کے ایٹمی پروگرام کی بنیاد پیپلز پارٹی نے رکھی۔ صدر نے کہا کہ زمین، مزدور، تعلیم اور سماجی انصاف کی تاریخی اصلاحات پیپلز پارٹی کی شناخت ہیں،ایم آرڈی اور اے آرڈی تک، پیپلز پارٹی جمہوری ارتقا کی معمار رہی ہے، چارٹر آف ڈیموکریسی اور اٹھارویں ترمیم، پیپلز پارٹی کا جمہوری ورثہ ہیں، نیشنل ایکشن پلان میں پیپلز پارٹی کی شمولیت اہم ہے، پیپلز پارٹی ہمیشہ مزدور، کسان، خواتین اور اقلیتوں کی آواز رہی ہے۔صدر زرداری نے کہا کہ محروم طبقات کی شمولیت پارٹی کے مشن کا مرکز ہے، جمہوریت، مساوات اور سماجی انصاف کے عزم کی تجدید کی ضرورت ہے، خواتین و اقلیتوں کی بااختیاری پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے، کارکنان جمہوری اتحاد کو برقرار رکھیں‘پیپلز پارٹی ایک روادار، روشن خیال پاکستان کے لیے پرعزم ہے۔