فیلڈ مارشل عاصم منیر کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں 272ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں جاری انسدادِ دہشت گردی آپریشنز، نئے خطرات اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس بھارتی پراکسی حملوں کے شہداء کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی سے شروع ہوا، جس میں فوجی قیادت نے دہشت گردی کے خلاف پاک افواج کے عزم اور سیلاب کے بعد ریسکیو و ریلیف آپریشنز میں تعاون کو سراہا۔کانفرنس میں بھارتی اشتعال انگیز بیانات اور دہشت گردی و جرائم کے درمیان گٹھ جوڑ پر تشویش ظاہر کی گئی اور کہا گیا کہ بھارت کی کسی بھی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ شرکاء نے بھارتی سرپرستی میں چلنے والی دہشت گرد تنظیموں کے نیٹ ورکس کو ختم کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
فورم نے پاکستان کی اعلیٰ سطحی سفارتی کوششوں اور پاکستان-سعودی عرب اسٹریٹجک میوچوئل ڈیفنس ایگریمنٹ کو خوش آئند قرار دیا، اور کشمیری عوام اور فلسطینی عوام کی جدوجہد کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔آرمی چیف نے کور کمانڈرز کو اعلیٰ ترین آپریشنل تیاری، نظم و ضبط، جسمانی فٹنس اور جدت برقرار رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے پاک فوج کی مکمل تیاری پر اعتماد کا اظہار کیا۔