سکیموں میں درخت لگانے کے فنڈز دیگر مقاصد پرخرچ

لاہور (خصوصی رپورٹ)درخت لگانے کے لیے مختص فنڈز ایل ڈی اے کے دیگر ترقیاتی مقاصد پر خرچ کر دیئے گئے۔ذرائع کے مطابق ایل ڈی اے کی تین ہا ئوسنگ سکیموں ،ایل ڈی اے ایونیو ون، جوبلی ٹا ئون اور موہلنوال سکیم میں شجرکاری کے لیے 23 مقامات کی نشاندہی کی گئی تھی۔تاہم درخت لگانے کے بجائے مرکزی شاہراہوں پر چند پودے لگا کر منصوبہ بند کر دیا گیا۔پلان کے تحت تینوں سکیموں میں 2 لاکھ 15 ہزار درختوں پر مشتمل اربن فاریسٹ قائم کیے جانے تھے،لیکن منصوبے پر کوئی عملی پیش رفت نہیں ہو سکی۔ایل ڈی اے ایونیو ون سکیم میں ایک لاکھ 35 ہزار درختوں کے لیے 11 مقامات مختص کیے گئے تھے۔32.62ایکڑ رقبے پر 13 اربن فاریسٹ بنانے کا پلان بھی تاحال تعطل کا شکار ہے۔اسی طرح جوبلی ٹا ئون سکیم میں 70 ہزار درختوں کی شجرکاری کے لیے 9 مقامات کی نشاندہی کی گئی۔15.95ایکڑ اراضی پر 7 جنگلات بنانے کی فائل بند کر دی گئی۔موہلنوال سکیم میں ایک ایک ایکڑ پر مشتمل تین اربن فاریسٹ لگانے کا منصوبہ بنایا گیا تھا،تاہم یہ منصوبہ بھی عمل در آمد سے قبل ہی ختم کر دیا گیا۔